نئی دہلی : اسے چوروں کی ہمت کہا جائے یا ملازمین پولیس کی لاپرواہی بہرحال جو کچھ بھی ہوا ریاست اترپردیش کے ایک پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات پیش آئی ۔ کانپور بدھنو پولیس اسٹیشن کے تحت نیو آزاد نگر پولیس چوکی سے سرکاری ریوالور اور وردی کا سرقہ کرلیا گیا ۔ چور وہاں سے ایک سرکاری پستول ، 10کارتوس اور ایک وردی لے کر فرار ہوگئے ۔ اس کی اطلاع جب پولیس کے اعلیٰ حکام کو ملی تو وہ فورنسک ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ آس پاس کے علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ چوروں کا سراغ لگایا جارہا ہے ۔ جب ایس پی رورل کو اس واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود چوکی انچارج سدھاکر پانڈے کو معطل کردیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ جس وقت چوری کی یہ واردات انجام دی گئی وہاں کے انچارج موجود تھے جس پر ان کے خلاف لاپرواہی برتنے پر کارروائی کی گئی ۔