پولیس اسٹیشن ظہیرآباد کے روبرو آبدار خانہ کا افتتاح

   

Ferty9 Clinic

پیرا میڈ انڈسٹری کی خدمات کی ستائش : ڈی ایس پی شنکر راجو

ظہیرآباد : ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شنکر راجو نے یہاں آر ٹی سی بس اسٹانڈ سے متصل اور پولیس اسٹیشن ظہیرآباد ٹاؤن کے روبرو پیرامیڈ انڈسٹری کے تعاون سے ایک ٹھنڈے اور شفاف پینے کے پانی کے مرکز کا رسم افتتاح انجام دیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برملا اعتراف کیاکہ مذکورہ مرکز گرما کی شدید دھوپ کے دوران راہگیروں کے خشک گلوں کو تر کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ انھوں نے موضع دیگوال میں قائم پیرامیڈ انڈسٹری کے انتظامیہ کو اس کارخیر کے لئے مبارکباد دی اور کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ مذکورہ انڈسٹری نے نہ صرف شیڈ تعمیر کروایا ہے بلکہ ٹھنڈے پانی کی سربراہی کے لئے واٹر ٹینک فریج کا بھی نظم کیا ہے۔ مذکورہ انڈسٹری کے ترجمان انجی ریڈی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر انڈسٹری کے مزید عوامی خدمات کے پروگراموں کو معرض التواء میں رکھا ہے۔ انھوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ مذکورہ انڈسٹری نے اپنی اجتماعی سماجی ذمہ داری کے تحت موضع چلکے پلی گرام پنچایت کے تعاون سے سولار الیکٹرک لائٹس کی تنصیب کے علاوہ دیہی جنگلات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ پیرامل انڈسٹری کے اشتراک و تعاون سے موضع دیگوال میں ایک طبی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پیرامیڈ کے نمائندوں، پولیس عہدیداروں کے علاوہ راہگیروں کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔