سرینگر: شمالی کشمیر کے بارہ مولہ پولیس اسٹیشن میں زیر حراست دو جنگجوسحری کے وقت فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔بتادیں کہ گزشتہ سال بارہ مولہ میں مئی کے مہینے میں شراب کی دکان پر گرینیڈ پھینکنے کے الزا م میں دونوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس کے سلسلے میں زیر حراست دو ملزم چہارشنبہ کی علی الصبح فرار ہوگئے ۔بارہمولہ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں زیر حراست دو ملزم آج علی الصبح سحری کے وقت فرار ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ مفرور ملزموں کو پکڑنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو پکڑنے کی خاطر ضلع بارہ مولہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ بارہ مولہ ضلع کی اور جانے والی شاہراں پر ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔