پولیس اسٹیشن میں اذیت رسانی کی جانچ کرنے ہائی کورٹ کی ایس پی ناگر کرنول کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ناگر کرنول کو ہدایت دی ہے کہ 17 ستمبر کو کولا پور پولیس اسٹیشن میں مبینہ طور پر پیش آئے اذیت رسانی معاملہ کی جانچ کریں ۔ جسٹس این وی شراون کمار نے ایس پی کو ہدایت دی ہے کہ پولیس اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی تفصیلات ہائی کورٹ میں بھی پیش کی جائے جس میں 17 ستمبر کی صبح 11 بجے تا سہ پہر 3 بجے کی ریکارڈنگ رہے۔ مالا چنتلا پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے سی ایچ بالراج نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جب وہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے پہنچے تو ان پر حملہ کیا گیا۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ ان کی اراضی پر ملبہ ڈالنے پر اعتراض کرنے پر حملہ کیا گیا۔ اس معاملہ کی شکایت کیلئے جب وہ پولیس اسٹیشن پہنچے تو سب انسپکٹر اور دو کانسٹبلس نے انہیں لاٹھیوں اور لیدر بیلٹ سے بری طرح مار پیٹ کی۔ درخواست گزار نے زخموں کی تصاویر کو عدالت میں پیش کیا اور کہا کہ پولیس اسٹیشن کے سی سی ٹی وی کیمروں میں تفصیلات موجود ہیں۔ ہائی کور ٹ نے ضلع ایس پی کو ہدایت دی کہ مذکورہ تاریخ کا سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کیا جائے اور اس معاملہ کی جامع تحقیقات کرتے ہوئے عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے ۔ اس معاملہ میں آئندہ سماعت 6 نومبر کو ہوگی۔1