پولیس اسٹیشن میں اسلحہ غائب ہونے کا معاملہ

   

حسن آباد سرکل انسپکٹرکے علاوہ دیگر چار پولیس ملازمین معطل

حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد پولیس اسٹیشن سے گذشتہ عرصہ کے دوران اسلحہ کے غائب ہوجانے سے متعلق پیش آئے واقعہ میں سرکل انسپکٹر سی آئی ڈی مسٹر سنجے کے علاوہ چار پولیس ملازمین کو خدمات سے معطل کردیا گیا۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر احکامات معطلی جاری کئے گئے ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اسلحہ کے پولیس اسٹیشن سے غائب ہونے کے پیش آئے واقعہ کے وقت مسٹر سنجے حسن آباد پولیس اسٹیشن میں بحیثیت سب انسپکٹر پولیس خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کے ساتھ ہیڈ کانسٹبل ایس سمپت ، اکنا پیٹ اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس شریمتی مینما، ہیڈ کانسٹبل منوج کے علاوہ کانسٹبل اشوک کو خدمات سے معطل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ تمام پولیس ملازمین اسلحہ کے غائب ہونے کے پیش آئے واقعہ کے وقت حسن آباد پولیس اسٹیشن سے ہی وابستہ تھے جس کی روشنی میں ان تمام کو معطل کردیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ماہ اکنا پیٹ سے تعلق رکھنے والے سدانندم نے دیوار تعمیر کرنے کے سلسلہ میں پیدا شدہ تنازعہ میں پڑوسی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجہ میں اسلحہ ( رائیفلس ) کے غائب ہونے کا واقعہ بے نقاب ہوا، اور اسٹیشن سے اسلحہ لے جانے کا ازخود سدانندم نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا۔ اس طرح پولیس اسٹیشن میں فرائض انجام دینے والے پولیس ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کے پیش نظر مذکورہ پولیس ملازمین کو خدمات سے معطل کیا گیا۔