حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : پولیس اسٹیشن کے نام سے عام طور پر یہ تصور ذہن میں آتا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں درخواست گذاروں کی شکایتوں کو حاصل کیا جاتا ہے اور مجرمین پر ڈنڈے برسائے جاتے ہیں اور متاثرین کو انصاف دلانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں لیکن ان دنوں کیرالا پولیس کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر زبردست گشت کر گیا ہے جہاں پولیس ملازمین وردی میں باورچی کا رول ادا کررہے ہیں اور پولیس اسٹیشن میں مرغ کا پکوان کرتے ہوئے اس کے ذائقہ سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ دکان سے مرغ کی خریداری سے لے کر پولیس اسٹیشن میں پکوان اور پھر دسترخوان تک ویڈیو تیار کیا گیا جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ویڈیو کا تقریبا 9 لاکھ شہریوں نے نظارہ کرلیا ۔ پولیس اسٹیشن میں مرغ کے پکوان میں پولیس ملازمین کی مصروفیت اور پکوان کے انداز اور ایک دوسرے سے تعاون کی ویڈیو اور اس ویڈیو میں ایک نغمہ کو بھی پلے کیا گیا جو ملیالم زبان میں موجود ہے ۔ اب کیرالا پولیس حلقوں میں یہ موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ وردی میں موج مستی اور پولیس اسٹیشن میں پکنگ منانے والے پولیس ملازمین کو سوشیل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ کیرالا کے پٹھن تیٹہ علاقہ کے ضلع ایس پی نے اس معاملہ کا سخت نوٹ لیا ہے اور سارے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے پکوان کرنے والے ملازمین پولیس کو نوٹس جاری کردی ہے ۔ تاہم سوشیل میڈیا پر دلچسپ تبصرے جاری ہیں ۔ عوام کی اکثریت نے جہاں ان پولیس ملازمین پر تنقید کی ہے تو وہیں عوام نے پولیس ملازمین کے اس ویڈیو کو لائیک اور شیئر بھی کیا ہے ۔ شائد ذائقہ دار پکوان کو نوش کرنا پولیس کے لیے اب مہنگا ثابت ہوگا ۔۔ ع