حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) روڈی شیٹرس کی گرفتاری پر پولیس اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کرنے کے واقعہ میں ملوث 11 ملزمین کو حبیب نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جمعہ کو حبیب نگر کے روڈی شیٹر عبدالکلیم اور اُس کے بھائی عبدالسمیر کو اچانک ٹاسک فورس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا جس کے بعد اُس کے افراد خاندان نے پولیس اسٹیشن پہونچ کر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے وہاں توڑ پھوڑ کی تھی۔ پولیس نے اِس ضمن میں دو علیحدہ مقدمات درج کئے تھے جس میں ایک صحافی کا موبائیل فون توڑنے کا واقعہ بھی شامل ہے۔ جبکہ حبیب نگر پولیس نے توڑ پھوڑ کے واقعہ میں ملوث روڈی شیٹر کے باپ 51 سالہ عبدالسلیم اور دیگر افراد ایم پرشانت، عارف خان، ایم انورادھا، عبدالستار، محمد غفار، محمد شفیع، محمد وحید، غوثیہ بی اور عبدالغفار کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ اِس واقعہ کے بعد پولیس نے 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمین کی شناخت ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعہ کی تھی اور آج صبح ان کی گرفتاری عمل میں لائی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔