پولیس اسٹیشن پر حملہ ‘ جنا سینا رکن اسمبلی کی گرفتاری و رہائی

   

Ferty9 Clinic

امراوتی 13 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں جنا سینا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک رکن اسمبلی کو پولیس اسٹیشن پر مبینہ حملہ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ بعد ازاں انہیں مقامی عدالت کی ہدایت پر ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ رکن اسمبلی آر ورا پرساد کے 10 حامیوں کو بھی اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ رکن اسمبلی کی گرفتاری کے بعد رازول ٹاون میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی تاہم ان کی ضمانت پر رہائی کے بعد حالات قابو میں آگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن میںپولیس کو ڈیوٹی سے روکنا بھی شامل ہے ۔ جنا سینا پارٹی سربراہ پون کلیان بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف رازول کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے تاہم رہائی کے بعد انہوں نے اس دورہ کو منسوخ کردیا ہے ۔ رکن اسمبلی کی رہائی کے بعد صورتحال معمول پر آگئی ۔