پولیس ای چالانات کا نیا اسکام منظر عام پرجعلی لنک پر کلک کرنے سے عوام گریز کریں

   

حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) شہر میں ایک طرف ٹریفک پولیس چالانات میں اضافہ ہوچکا ہے تو دوسری طرف چالانات کی آڑ میں دھوکے باز عناصر متحرک ہوچکے ہیں تاکہ عوام کو لوٹ سکیں۔ محکمہ پولیس نے ای چالانات کے ایک نئے اسکام سے عوام کو باخبر کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ای چالان کی صورت میں عوام کو موبائل پر جو لنک دیا جاتا ہے اس بارے میں چوکسی کی ضرورت ہے۔ آن لائن چالان کی ادائیگی کے لیے دھوکے باز افراد عوام کو ایک جعلی لنک شیئر کررہے ہیں جس پر کلک کرنے سے عوام کو رقومات سے محرومی کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرضی اور جعلی لنک پر کلک کرنے سے احتیاط کریں۔ ای چالان کی صورت میں عوام کو چالان کی رقم اور آن لائن ادائیگی کیلئے لنک شیئر کی جاتی ہے۔ پولیس کی اوورجنل لنک https://echallan.parivahan.gov.in/ ہے جبکہ عوام کو جعلی چالان کے طور پر https://echallanparivahan.in/ شیئر کیا جارہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور چالان کی آن لائن ادائیگی کے لیے جعلی لنک کا شکار ہونے سے بچیں۔ جعلی لنک پر کلک کرنے سے دھوکے باز بینک اکائونٹ کو ہیک کرتے ہوئے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔