پولیس تحویل میں دلت خاتون کی موت کے خلاف گورنرسے نمائندگی ، اتم کمار ریڈی کا مکتوب

   


حیدرآباد: صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس لاک اپ میں دلت خاتون کی موت کے قصوروار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں پر ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ میں دلتوں پر مظالم کو روکنے کیلئے گورنر سے اقدامات کی اپیل کی ۔ گورنر سے اپیل کی گئی کہ وہ متوفی خاتون کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے معاوضہ اور فرزند کو سرکاری نوکری فراہم کرنے حکومت کو ہدایت دیں۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ کھمم ضلع سے تعلق رکھنے والی اس خاتون اور اس کے فرزند کو سرقہ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔ 16 جون کو انہیں اڈلا گوڈور پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ وہاں سے ایک اور پولیس اسٹیشن منتقلی عمل میں آئی ۔ قانون کے مطابق منتقلی کیلئے خاتون عہدیدار کا ہونا ضروری ہے لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی۔ پولیس نے ماں اور بیٹے کو تھرڈ ڈگری ٹاچر کیا ۔ بعد میں خاتون کی دواخانہ میں علاج کے دوران موت واقع ہوئی جبکہ بیٹے کا علاج کھمم کے ایک دواخانہ میں جاری ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں دلتوں پر مظالم عروج پر ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان مظالم کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔ گورنر کو دلتوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ مکتوب میں گذشتہ 7 برسوں کے دوران ریاست میں دلتوں پر پیش آئے مظالم کے واقعات کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔ اتم کمار ریڈی نے گورنر سے امید ظاہر کی کہ وہ موجودہ حالات میں حکومت کو ضروری ہدایات دیں گی ۔