حیدرآباد۔ ملکاجگیری ٹریفک پولیس آج اس وقت حیرت کا شکار ہوگئی جب تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر سائیکلوں کی جانچ کی۔ ان موٹر سائیکلوں میںکوئی دھماکو مادہ یا منشیات یا کوئی خطرناک چیز نہیں تھی بلکہ موٹر سائیکل کے نمبرات ہی پولیس کو حیرت کا شکار کرگئے۔ ملکاجگیری ٹریفک پولیس کی جانب سے آج گاڑیوں کی تلاشی جاری تھی کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل کو روکا گیا اور جیسے ہی نمبر کو پولیس کے عملے نے ٹیاب میں درج کیا عملہ حیرت میں پڑ گیا اور فوری اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی۔ اس حیرت زدہ عملے نے جب ایک اور موٹر سائیکل کی جانچ کی تو عملہ پریشان ہوگیا۔ ان دونوں موٹر سائیکلوں پر 52 اور 92 چالانات پینڈنگ ہیں۔ ان میں ایک موٹر سائیکل راں کی شناخت منور کی حیثیت سے کی گئی جو یوسف گوڑہ علاقہ کا ساکن ہے۔ اس کی موٹر سائیکل پر 52 چالانات پینڈنگ ہیں جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر 92 ۔ شہریوں نے اس خبر کی اطلاع کے بعد تعجب و حیرت کا اظہار کیا۔ ان موٹر سائیکلوں کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیر التواء چالانات کی ادائیگی ان کی موجودہ حالت کے لحاظ سے ان کی قیمت سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔