پولیس خدمات آسانی سے دستیاب کرانے کے اقدامات

   

اب شہریوں کو پولیس اسٹیشنس کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی ، جدید ٹکنالوجی کا استعمال
محمد محمود علی خان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے نئے اقدامات کے طور پر جدید ٹکنالوجی کا استعمال کررہی ہے تاکہ شہریوں کو خدمات آسانی سے دستیاب ہوسکے ۔ ماضی کی طرح شکایت درج کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آپ کہ شکایت پر ایکشن لیا گیا ہے یا نہیں معلوم کرنے کے لیے ایف آئی آر کی کاپی حاصل کرنے کے لیے ماضی کی طرح بہت سے مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ صرف سیل فون کے ذریعہ آپ اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ اگر کوئی مسئلہ ہے یا آپ کے سامنے کچھ برا ہورہا ہے تو آپ کسی بھی شکل میں شکایت درج کرسکتے ہیں ۔ جیسے ایس ایم ایس ، واٹس ایپ ، سیل یا 100 نمبر پر ڈائیل کر کے شکایت کرنے کی سہولت فراہم کررہی ہے ۔ جس پر فوراً کارروائی بھی کی جائے گی ۔ خواتین ، معذور افراد ، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد ، 15 سال سے کم عمر اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کیس کی تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن جانے سے استثنیٰ حاصل ہے ۔ محکمہ پولیس نے تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لیے 12 مارچ 2024 کو ٹی سیف نامی ایپ متعارف کیا ہے ۔ اس ایپ میں آپ کو اپنا نام ، فون نمبر جس مقام پر آپ جانا چاہتے ہیں اور جس بس ، کار یا ٹیکسی میں آپ سفر کررہے ہیں اس کا رجسٹریشن نمبر درج کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد اگر آپ اسٹارٹ بٹن پر کلک کرتے ہیں تو پولیس رئیل ٹائم میں آپ کے مقام کی نگرانی کرے گی ۔ آپ جس گاڑی میں سفر کررہے ہیں وہ اپنی سمت بدلتی ہے یا ہر پانچ منٹ بعد بھیجے گئے انتباہی پیغام کا جواب نہیں دیتی ہے تو پولیس آپ کو مشکوک سمجھے گی ۔ کافی دیر تک جواب نہیں دیتے ہیں تو ایپ میں ایک ٹکٹ خود بخود تیار ہوجائے گا اور 100 ڈائیل پر معلومات بھیجے گا ۔ آپ کے فون کے لوکیشن کی بنیاد پر معلومات پولیس اسٹیشن یا پولیس کی گشتی گاڑی کو بھیجا جائے گا ۔ جو متاثرہ کے قریب ہوگا ۔ پولیس کیس کے اندراج ، پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے بعد امتحان میں سستی اور تھانے میں افسران کے رویے پر اکثر عدم اطمینان پایا جاتا ہے ۔ تلنگانہ پولیس نے اس کے بارے میں شکایت کرنے کے لیے سٹیزن فیڈ بیک سسٹم متعارف کیا ہے ۔ پولیس اسٹیشن میں کیو آر کوڈ اسکیان کریں اور فون پر فیڈ بیک فارم کے ساتھ ایک ویب صفحہ کھل جائے گا ۔ جس کے بعد شکایت کنندہ کو اپنی رائے درج کرنی ہوگی جس میں شکایات ، پاسپورٹ کی تصدیق ، ایف آئی آر ، دیگر خدمات ٹریفک ای چالان وغیرہ کو منتخب کرسکتے ہیں ۔ عوام کی طرف سے اپنی رائے دینے کے بعد سی آئی ڈی میں سینئیر آف ایکسیلنس انہیں جمع کرتا ہے ۔ عوامی رائے پر مبنی کوتاہیوں کے ذریعہ پولیس میں احتساب ، خدمات میں شفافیت اور افسران کی کارکردگی سے عوام کا اطمینان بڑھانے کے لیے اقدامات کئے جاتے ہیں ۔۔