پولیس ‘رات دیر گئے کھلے رہنے والے تجارتی اداروں کی تفصیل جمع کرنے میں مصروف

   

Ferty9 Clinic

عصری سہولتوں سے استفادہ ۔ مقدمات کے اندراج کی گنجائش پر غور ۔ محکمہ کی کوتاہی کا بھی جائزہ
حیدرآباد۔4جولائی (سیا ست نیوز) رات کے اوقات میں کھلے رہنے والے تجارتی اداروں کی تفصیلات محکمہ پولیس کی جانب سے اب عصری سہولت کے استفادہ سے حاصل کی جائیں گی اور اس کے ذریعہ ہی ان تجارتی مراکز کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان پر مقدمات درج کئے جائیں گے۔رات کے اوقات میں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقو ں میں ZOMATO اور SWIGGY کی خدمات فراہم کرنے والے ہوٹل‘ بیکری اور فاسٹ فوڈ سنٹرس کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے اطلاعات اکٹھا کی جانے لگی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ رات دیر گئے عوام کیلئے بند ان تجارتی اداروں کی جانب سے موبائیل ایپلیکیشن کے ذریعہ تجارتی سرگرمیوں کی انجام دہی پر ان کے خلاف کاروائی کی گنجائش کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ اعلی عہدیدارو ں کے مطابق شہر کے کئی پاش علاقوں کے علاوہ مختلف مقامات پر رات دیر گئے اشیائے خورد و نوش فراہم کرنے والی ایپس کے ذریعہ وصول کئے جانے والے آرڈرس اور رات کے آخری پہر تک آر ڈر وصول کرنے والی ہوٹلوں کے سلسلہ میں تفصیلات جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ وہ رات کے وقت میں جب تجارتی اداروں کے بند کرنے کا وقت ہوچکا ہوتا ہے ایسے وقت میں کس طرح سے تجارتی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے کہ جب ان ہوٹلوں اور ریستوراں سے رات دیر گئے تک آرڈر وصول کئے جا رہے ہیں تو کیا یہ ادارے رات دیر گئے تک کھلے بھی رہتے ہیں اور ان کی تجارتی سرگرمیاں جاری ہوتی ہیں!کیونکہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کو رات 12 بجے کے بعد جو رپورٹ وصول ہوتی ہے اس میں واضح طور پر تمام اشیائے خورد و نوش کے مقامات کو بند کروادیئے جانے کی اطلاع دی جاتی ہے ۔ اس کے باوجود شہر کے بیشتر علاقوںمیں یہ سرگرمیاں رات دیر گئے تک بلکہ صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہتی ہیں تو ان معاملوں میں کس کی کوتاہی ہے اور کس طرح یہ ادارے رات کے اوقات میں اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں!