ڈاکٹر شراون کا گورنر کو مکتوب، ہزاروں امیدواروں سے ناانصافی کی شکایت
حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس رکروٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے گورنر کو روانہ کردہ مکتوب میں تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے حال ہی میں کئے گئے تقررات میں بے قاعدگیوں کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ 18435 پولیس کانسٹبلس ، اسسٹنٹ سب انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس کی جائیدادوں کے لئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ۔ 7.19 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی لیکن رکروٹمنٹ بورڈ شفاف طریقہ سے امتحانات کے انعقاد میں ناکام ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ 224741 طلبہ فزیکل ٹسٹ میں شریک ہوئے اور 117660 امیدواروں کو کوالیفائیڈ قرار دیا گیا ۔ کئی امیدواروں نے شکایت کی کہ فزیکل ٹسٹ کے سلسلہ میں قواعد پر عمل نہیں کیا گیا ۔ رکروٹمنٹ بورڈ نے پہلی مرتبہ آر ایف آئی ڈی سسٹم کا فزیکل فٹنس ٹسٹ کیلئے استعمال کیا۔ یہ کام ایک خانگی ایجنسی کے سپرد کیا گیا تھا جس کے سبب ہزاروں طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر عہدہ کیلئے اعلامیہ علحدہ جاری کیا گیا تھا لیکن فزیکل ٹسٹ ایک ساتھ منعقد کیا گیا۔ حالانکہ یہ وقفہ کے ساتھ ہونا چاہئے تھا ۔ شراون نے کہا کہ 800 میٹر دوڑ میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ دوڑ کے انعقاد میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔ جب ہزاروں امیدواروں نے بے قاعدگیوں کی شکایت کی تو انہیں تیقن دیا گیا کہ شکایات کی سماعت کے لئے کمیٹی قائم کی جائے گی لیکن درحقیقت کوئی کمیٹی قائم نہیں کی گئی اور نہ ہی امیدواروں کی شکایت کی سماعت ہوئی ۔ عنبرپیٹ پولیس گراؤنڈ پہنچنے والے امیدواروں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے کوئی بھی شخص امیدواروں کی شکایت کی سماعت کیلئے تیار نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی نے بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن حکومت نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ۔ لہذا اس سلسلہ میں وہ گورنر سے مداخلت کی اپیل کر رہے ہیں تاکہ ہزاروں امیدواروں سے انصاف ہوسکے ۔
