تحقیقات کا مطالبہ، پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی بے حرمتی کی مذمت
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے حکومت پر بے روزگار نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کا الزام عائد کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شراون نے پولیس ریکروٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 18428 سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کی جائیدادوں کیلئے حکومت نے اعلامیہ جاری کیا تھا۔ ان عہدوں کیلئے ٹسٹ منعقدکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلامیہ میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی تھی کہ آر ایف آئی ڈی کا استعمال کیاجائے گا لیکن اس سسٹم کے استعمال سے ایک لاکھ 60 ہزار اہل امیدواروں کو نقصان ہوا ہے۔ اس طرح حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں آر ایف آئی ڈی سسٹم کا استعمال نہیں کیا گیا جبکہ لمحہ آخر میں امیدواروں کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے پولیس کے تقررات سے متعلق امتحانات میں چھیڑ چھاڑ اور بے قاعدگیوں کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے800 میٹر کی دوڑ اور دیگر امتحانات میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔ امیدواروں کو 28 اور 29 مارچ کو اعتراضات پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا لیکن وہاں سماعت کیلئے کوئی موجود نہیں تھا۔ انہوں نے پولیس ریکروٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر وزیر داخلہ اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی کی جائے گی۔ ڈاکٹر شراون نے پنجہ گٹہ علاقہ میں عہدیداروں کی جانب سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جئے بھیم سوسائٹی کی جانب سے پنجہ گٹہ پر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کی اجازت کیلئے حکومت کو درخواست دی گئی۔ ڈاکٹر امبیڈکر جینتی کے موقع پر اس کی نقاب کشائی کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ مجسمہ کی تنصیب کے بعد نہ صرف پولیس نے لاٹھی چارج کیا بلکہ مجسمہ کے ٹکڑے ٹکڑے کرتے ہوئے جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ میں پھینک دیا۔ یہ تلنگانہ حکومت کا ڈاکٹر امبیڈکر کے ساتھ احترام کا سلوک ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ 25 دن قبل گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو درخواست دیئے جانے کے باوجود اجازت کیوں نہیں دی گئی۔ شراون نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مجسمہ کی بے حرمتی پر معذرت خواہی کرتے ہوئے اپنے خرچ سے مجسمہ نصب کرے۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور کمزور طبقات حکومت کے اس اقدام کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
