پولیس ریکروٹمنٹ ٹسٹ کے نتائج کو جاری کرنے کا مطالبہ : سی ایچ وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد 19 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی سی پی آئی تلنگانہ کمیٹی نے تلنگانہ کے محکمہ پولیس میں مختلف زمروں کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے منعقدہ تحریری ٹسٹ کے نتائج کا عاجلانہ اعلان کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور اس سلسلہ میں فی الفور اقدامات کرنے کی خواہش کی۔ ریاستی سی پی آئی تلنگانہ کمیٹی سی ایچ وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ محکمہ پولیس میں سب انسپکٹران پولیس اور کانسٹبلس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے جاریہ سال ماہ اپریل میں تحریری ٹسٹ منعقد کیا گیا تھا لیکن تقریباً پانچ ماہ سے زاید کا عرصہ ہونے کے باوجود ٹسٹ کے نتائج تک جاری نہیں کئے گئے۔ انھوں نے کہاکہ ٹسٹ کے نتائج کی اجرائی میں کی جانے والی مبینہ تاخیر کی وجہ سے امیدواروں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ سکریٹری سی پی آئی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ نتائج کو فی الفور جاری کرنے اور تقررات کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کرکے منتخبہ امیدواروں کو احکامات تقررات جاری کریں۔