پولیس سربراہ کا شمالی کشمیر کا دورہ، سکیورٹی صورتحال کا لیا جائزہ

   

سری نگر،9جولائی(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے بدھ کو انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر کے ہمراہ شمالی کشمیر کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایس ایس پیز کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی اور خصوصی آپریشن گروپ اہلکاروں و دیگر فورسز کے ساتھ زمینی سطح پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ڈی جی پی نالین پربھات نے سرحدی و حساس اضلاع میں تعینات سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ لگن، چوکسی اور جرأت مندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں اور انتھک کوششوں کی بدولت وادی میں امن و استحکام کا ماحول قائم ہے ۔
انہوں نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا:‘آپ کی خدمات اور قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ موجودہ حالات میں آپ کی ذمہ داریاں مزید اہم ہو چکی ہیں، اور ہم سب کو متحد ہو کر ریاست میں دیرپا امن یقینی بنانا ہے ۔’ڈی جی پی نے اجلاس کے دوران موجودہ سکیورٹی چیلنجز، انسداد دہشت گردی آپریشنز، مقامی تعاون، اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔