پولیس سے بچنے کیلئے بھاگنے کے دوران دل کا دورہ دو افراد کی موت

   

حیدرآباد 4 ا پریل (یو این آئی) لاک ڈاون کے موقع پر پولیس سے بچنے کے لئے بھاگنے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔یہ دو علحدہ علحدہ واقعات اے پی کے ضلع مغربی گوداوری میں پیش آئے ۔پہلے واقعہ میں 57سالہ وی ویرانجنیکولو اور دیگر افراد سڑک کے کنارے ایک دکان پر ناشتہ کررہے تھے ۔پولیس کو دیکھ کر تمام افراد وہاں سے بھاگے جبکہ ویرانجنیکولو کچھ فاصلہ تک دوڑنے کے بعد گرگیاجس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی۔اس کے ارکان خاندان نے کہا کہ اس کو دل کا دورہ پڑا تاہم پولیس نے اس واقعہ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔دوسرا واقعہ ضلع مغربی گوداوری کے وینکٹاپورم میں پیش آیا جس میں 55سالہ بی بھاسکر راوکو لاک ڈاون کے دوران پولیس سے بچنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑا۔
ان دونوں واقعات کے سلسلہ میں ان کے اراکین خاندان نے کسی قسم کی کوئی شکایت درج نہیں کی ہے ۔مقامی افراد نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ عمررسیدہ افراد کے ساتھ نامناسب سلوک نہ کرے کیونکہ ان کو دل کا دورہ پڑسکتا ہے اور وہ کسی بھی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرسکتے ۔اسی دوران مغربی گوداوری پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر 49افراد کو گرفتار کیا۔ایک اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی اور ان افراد کو گرفتار کیا۔پولیس نے کہاکہ بعض افراد لاک ڈاون کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور سماجی فاصلہ کی بھی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔پولیس نے کہاکہ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری معاملات درج کئے جائیں گے ۔