پولیس سے بے روزگاروں کو ملازمتوں کیلئے رہبری کے مثبت نتائج

   

سینکڑوں نوجوان مستفید، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا خطاب
حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے بے روزگار نوجوانوں کی رہنمائی کرتے ہوئے گزشتہ 4 سال میں 5ہزار سے زائد بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہترین مواقع فراہم کئے۔ ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے کیا۔ وہ آج یہاں ایسٹ زون پولیس کی جانب سے چمپا پیٹ میں منعقدہ جاب کنٹیکٹ میلہ سے مخاطب تھے۔ اس جاب میلہ میں سینکڑوں کی تعداد میں بے روزگار نوجوان پہنچے اور اپنے ناموں کو رجسٹرڈ کرانے کے بعد متعلقہ اسٹالس کے ذریعہ انٹرویوز میں شرکت کی۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس نے ایسٹ زون کے ڈی سی پی، جوائنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر رمیش کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ مسٹر رمیش کی کاوشوں کے سبب جاب میلہ کامیاب انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 سال میں 5 ہزار سے زیادہ بے روزگاروں کو ان کی قابلیت کے لحاظ سے بہترین روزگار حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے اس جاب میلہ میں تاحال 2 ہزار سے زائد رجسٹریشن مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے 3 تا4 سو امیدواروں کیلئے روزگار کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے جاب میلہ کیلئے تیاریاں جاری تھیں گلی محلوں میں اس کے تعلق سے شعور بیدار کیا گیا اور اس کی تشہیر کی گئی۔