پولیس شہداء کی قربانیاں یادگار : ایس پی

   

گمبھی راؤ پیٹ،سرسلہ۔21 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس شہداء یومِ یادگار (فلیگ ڈے) کے موقع پر سرسلہ ضلع ایس پی مہیش بی گیتے نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی کیونکہ انہی کی بدولت آج معاشرہ امن و امان کا گہوارہ بنا ہوا ہے۔ ضلع سرسلہ کے چندورتی منڈل کے لنگم پیٹ گاؤں کے مضافات میں واقع پولیس شہداء یادگار ستون پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایس پی نے شہداء کے اہلِ خانہ اور پولیس افسران کے ہمراہ گلہائے عقیدت پیش کیے۔بعد ازاں مسلح پولیس نے ’’شوک سلامی ‘‘ پیش کی۔ اس موقع پر گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیوٹی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 192 پولیس اہلکاروں کے نام بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ایس پی گیتے نے بتایا کہ ضلع میں اب تک آٹھ سے زائد پولیس اہلکار اندرونی سلامتی کے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس شہداء کی یاد میں 31 اکتوبر تک مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، جن میں بلڈ ڈونیشن کیمپ، سائیکل ریلی، کینڈل مارچ، 2K رن، اوپن ہاؤس، مضمون نویسی، فوٹو و ویڈیو مقابلے شامل ہیں۔تقریب میں اے ایس پی ویملواڑ شیشادری ریڈی، ایڈیشنل ایس پی چندرایّا، ڈی ایس پی چندرشیکھر ریڈی، سی آئیز وینکٹیشورلو، ویرپرساد، سرینواس، موگلی، نتیش، آر آئی رمیش، یادگیری، ایس آئیز اور شہداء کے اہلِ خانہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔