پولیس عملہ میں کوویڈ۔ 19 پازیٹیو کیسیس کا انکشاف

   

مؤثر علاج کیلئے گاندھی ہاسپٹل میں خصوصی انتظام
حیدرآباد ۔26۔ مئی(سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کے عملہ میں کووڈ۔19 کے بڑھتے ہوئے کیس کے پیش نظر گاندھی ہاسپٹل میں متاثرہ پولیس ملازمین کیلئے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے علاج کے لئے گاندھی ہاسپٹل کو نوڈل ہاسپٹل مقرر کئے جانے کے بعد اس مہلک مرض سے متاثر ہونے والے مریضوں کو دواخانہ میں شریک کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ 10 دن کے دوران ایک انسپکٹر اور بعض پولیس کانسٹبل اس مہلک مرض سے متاثر ہونے کے نتیجہ میں انہیں گاندھی ہاسپٹل میں انہیں شریک کیا گیا تھا ، اس کے بعد حیدرآباد پولیس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ متاثرہ پولیس ملازمین کے لئے دواخانہ میں خصوصی انتظامات کئے جائیں اور چلکل گوڑہ کے ایڈیشنل انسپکٹر اس وارڈ کا انچارج بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کلثوم پورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل کی کورونا وائرس سے گزشتہ ہفتہ موت واقع ہوگئی تھی جبکہ ٹاسک فورس سے وابستہ ایک ہیڈ کانسٹبل کے علاوہ بہادر پورہ، شاہ علی بنڈہ، کاماٹی پورہ اور گاندھی ہاسپٹل میں تعینات اسپیشل پروٹیکشن فورس کے کانسٹبل کو متاثر پائے جانے پر گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے لئے شریک کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مہلک مرض سے متاثر ہونے والے پولیس ملازمین کی خصوصی نگہداشت کے لئے اسپیشل وارڈ بنایا گیا ہے۔ سوشیل میڈیا کے بعض گروپس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہیندر کے حوالے سے ایک پیام گشت کررہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کووڈ ۔ 19 جیسے مہلک سے نمٹنے کے لئے پولیس ملازمین کو احتیاطی اقدامات کے تحت Hydroxy Chloroquine دوا دی جائے۔