پولیس عہدیداروں پر آندھرا پردیش کے وزیر کی برہمی

   

حیدرآباد۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے پولاورم پراجکٹ کے قریب ریاستی وزیر پی نانی نے پولیس عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ مرکزی وزیر آبی وسائل گجیندر سنگھ شیخاوت اور چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج پولاورم پراجکٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر مغربی گوداوری ضلع کے انچارج وزیر کی حیثیت سے پی نانی گاؤں پہنچے۔ پولیس اور پروٹوکول کے عہدیداروں نے ان کی کار روک دیا اور اسے کسی اور مقام پر پارک کرنے کی ہدایت دی۔ یہ سنتے ہی ریاستی وزیر پولیس عہدیداروں پر برس پڑے ۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر کے دورہ کے موقع پر ضلع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کو بھی مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔ اس مرحلہ پر پی نانی انچارج کی حیثیت سے وہاں پہنچے۔ ان کی کار کو ہٹا نے پر وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ کار کس کی ہے۔ کس نے ہٹانے کیلئے کہا ہے ۔ ایس پی اور ڈی آئی جی کی کاریں تو موجود ہیں پھر میری کار ہٹانے کیلئے کس نے کہا ؟ ریاستی وزیر نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ آپ لوگ تماشہ کر رہے ہیں، اپنی حد میں رہ کر کام کریں۔ وزیر نے مقامی نمائندوں کو اجازت نہ دینے پر ناراضگی جتائی ۔ بعد میں پولیس نے انہیں دورہ میں شرکت کی اجازت دی۔ ر