پولیس عہدیداروں پر چندرا بابو کے ریمارکس کی مذمت

   

صدر تلگودیشم کو طرز عمل تبدیل کرنے کا مشورہ ، اے پی پولیس آفیسرس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /2 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاستی محکمہ پولیس بالخصوص پولیس عہدیداروں کے تعلق سے سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے کئے گئے بعض نازیبا ریمارکس پر پولیس آفیسرس اسوسی ایشن ضلع نیلور نے نہ صرف سخت اعتراض کیا بلکہ ا پنی برہمی کا اظہار کیا ۔ اسوسی ایشن کے آفس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق ریاستی اعزازی صدر ایم گنگادھر اور ضلع صدر اسوسی ایشن ایم پرساد راؤ نے کہا کہ سابق اسپیکر آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کے تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نے پولیس عہدیداروں کے خلاف یہ ریمارکس کئے ۔ وہ انتہائی تکلیف دہ ہیں ۔ ان قائدین نے بتایا کہ گذشتہ چند دنوں سے نائیڈو عوام کو اکساتے ہوئے پولیس کے خلاف ذہن بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ جوکہ نامناسب بات ہے ۔ جبکہ پولیس عہدیدار اپنے ڈسپلین کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پولیس آفیسر اسوسی ایشن قائدین نے بتایا کہ چندرا بابو جب برسر اقتدار تھے تب انہوں نے ہی ریاستی پولیس عہدیداروں کی ستائش کی تھی ۔ لیکن اب جبکہ حکومت تبدیل ہوئے چار ماہ کے دوران پولیس عہدیداروں کی کارکردگی پر سخت ریمارکس کرنا تعجب خیز ہے اور اپنے سیاسی مفادات کیلئے اس طرح کے ریمارکس کرنا ہرگز مناسب بات نہیں ہوگی ۔ اسوسی ایشن قائدین نے چندرا بابو کو اپنے طرز عمل میں تبدیلی لانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس عہدیداروں کی توہین جیسے ریمارکس کرنے کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔