پولیس ملازمین اور افرادِ خاندان کی صحت کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح

   

وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہاتھوں سنگاریڈی میں پولیس کیلئے ہیلتھ کیمپ کا افتتاح

سنگاریڈی۔ 22 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سنگا ریڈی میں ریاستی طبی و صحت کے وزیر دامودر راج نرسمہا نے پی ایس آر گارڈن میں ضلع پولیس کی جانب سے آئی ایم اے اور این ایم جے کینسر انسٹی ٹیوٹ، حیدرآباد کے اشتراک سے منعقدہ جامع صحت کیمپ کا افتتاح کیا۔ یہ کیمپ ضلع پولیس کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے منعقد کیا گیا تھا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پولیس عہدے دار اور ان کے خاندانوں کی صحت و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی صحت، تعلیم اور علاج معالجے کے شعبوں میں سماجی ذمہ داری کے ساتھ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ اس ہیلتھ کیمپ میں 13 مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں نے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صحت کے نظام کو دیہی علاقوں سے لے کر شہری مراکز تک مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی کو بھی معیاری علاج کی سہولت حاصل ہو سکے وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد سرکاری اسپتالوں میں کارپوریٹ معیار کی ادویات فراہم کرنا ہے تاکہ علاج کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاست میں فی الحال 160 ڈائلیسس مراکز قائم ہیں، جب کہ ہر 30 کلومیٹر کے دائرے میں مزید 80 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ تیار ہے۔مزید بتایا کہ 80 نئے ٹراما سینٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شاہراہوں پر حادثات کے متاثرین کو بروقت علاج مل سکے۔ ہر ضلع میں ڈے کیئر کینسر سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جہاں کیموتھراپی کی سہولت دستیاب ہے۔وزیر نے کہا کہ سنگاریڈی ضلع میں ایک میڈیکل کالج، 500 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال، اندول میں نرسنگ کالج، سنگاریڈی میں پیرا میڈیکل کالج، کریٹیکل کیئر بلاک، 5 نئے پی ایچ سی اور 3 نئی پی ایچ سی عمارتیں قائم کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، وٹپلی میں سی ایچ سی اور تیل پور میں یو پی ایچ سی بھی شروع کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ پٹن چیرو، نارائن کھیڈ اور سداشیو پیٹ کے اسپتالوں میں ڈائلیسس مراکز قائم کیے گئے ہیں، جب کہ مزید 3 ذیلی صحت مراکز کی منظوری دی گئی ہے اس موقع پر وزیر نے ہیلتھ کیمپ کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور کیوسک کے ذریعے اپنا بلڈ پریشر چیک کرایا۔ تقریب میں ٹی جی آئی آئی سی چیئرپرسن نرملا جگاریڈی، کلکٹر پی پروینیا، ایس پی پریتوش پنکج، ڈاکٹر کرن کمار، آئی ایم اے ضلع صدر ڈاکٹر راجو گوڑ، ڈاکٹر آنند، ڈاکٹر سریدھر، ڈاکٹر سری ہری سمیت ضلع پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔