پولیس ملازمین اور سڑکوں پر قیام کرنے والے افراد کی غذا کا انتظام

   

میئر حیدرآباد نے 90 کنٹل چاول حوالے کیا، رائس ملرس اسوسی ایشن کا عطیہ
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) میئر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ تلنگانہ میں لاک ڈائون کے سبب کوئی بھی شخص بھوکا نہیں رہنا چاہئے۔ میئر حیدرآباد نے تلنگانہ رائس ملرس اسوسی ایشن کی جانب سے دیئے گئے 90 کنٹل چاول کا محکمہ پولیس کو عطیہ دیا تاکہ پولیس ملازمین کی غذا کا انتظام ہو۔ پولیس کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ اس کے ملازمین کے علاوہ سڑکوں پر قیام کرنے والے ورکرس اور بے گھر افراد کے لیے غذا کا انتظام کرنے چاول کی ضرورت ہے۔ سیول سپلائز کارپوریشن کے صدرنشین سرینواس ریڈی کے ہمراہ میئر بی رام موہن نے جی ایچ ایم سی کے دفتر میں یہ چاول حوالے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی آر وینکٹیشورلو، تلنگانہ رائس ملرس اسوسی ایشن کے صدر جی ناگیندر اور دوسرے موجود تھے۔ میئر حیدرآباد نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے انسانی جذبے کے خاطر دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ورکرس کے لیے 12 کیلو چاول اور 500 روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کسی بھی شخص کو بھوکا دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے مہاجر ورکرس کو اپنے خاندان کی طرح سلوک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میئر حیدرآباد نے رضاکارانہ تنظیموں اور تجارتی اداروں سے اپیل کی کہ غریبوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ تلنگانہ رائس ملرس اسوسی ایشن نے غریبوں کے لیے بہتر غذا کی فراہمی کے لیے باریک چاول بطور عطیہ دیا ہے۔ صدرنشین سیول سپلائز کارپوریشن سرینواس ریڈی نے مصیبت کی اس گھڑی میں تعاون کے لیے رائس ملرس اسوسی ایشن سے اظہار تشکر کیا۔