پولیس ملازمین کو ڈیوٹی میں لاپرواہی و کوتاہی پر سخت کارروائی کا انتباہ

   

شہر میں پرامن اور شفاف انتخابات کیلئے ممکنہ کوشش، کمشنر پولیس سندیپ شنڈلیہ

حیدرآباد 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سندیپ شنڈلیہ نے ڈیوٹی میں لاپرواہی اور کوتاہی پر سخت کارروائی کا پولیس ملازمین کو انتباہ دیا۔ شہر میں پرامن اور شفاف انتخابات کے لئے ہرممکنہ اقدام کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے آج ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ شہر کے تمام ڈی سی پیز، ایڈیشنل ڈی سی پیز، اے سی پی اور سرکل انسپکٹرس نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ سندیپ شنڈلیہ نے اس موقع پر ٹاسک فورس پولیس کی گزشتہ 2 ہفتوں کی کارروائی کا جائزہ لیا اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری پر روشنی ڈالی۔ منشیات، گانجہ، شراب اور نقدی کی منتقلی پر سخت نظر رکھنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ غیر ضمانتی وارنٹس، ہتھیاروں کو جمع کروانے اور مشتبہ افراد کو پابند مچلکہ کرنے روڈی عناصر کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں پولیس اسٹیشن کو زمروں میں تقسیم کرنے اور اس لحاظ سے فورس مختص کرنے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنس کی نشاندہی اور ان حلقوں میں پرامن رائے دہی کے لئے ممکنہ اقدامات پر زور دیا گیا۔ شہر کے 15 اسمبلی حلقوں کے لئے 90 فلائنگ اسکواڈس کو اپنی خدمات میں چوکسی کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس وکرم سنگھ مان، ایڈیشنل کمشنر پولیس اسپیشل برانچ وشوا پرساد و دیگر موجود تھے۔ ع