نئی دہلی۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے لفٹننٹ گورنر انیل بائجال نے آج پولیس کمشنر امولیا پٹنائک اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ یہ لا اینڈ آرڈر سے متعلق معمول کا اجلاس تھا تاہم ایل جی کو وکلاء کی جانب سے پولیس ملازمین پر حملہ کے خلاف منگل کو بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا۔ پولیس ملازمین کی جانب سے بھی کل پولیس ہیڈوکوارٹرس کا بڑے پیمانے پر گھیرائو کیا گیا تھا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری وجئے کمار دیو اور تمام جوائنٹ کمشنرس آف دہلی پولیس موجود تھے۔ 11 گھنٹوں کے بعد پولیس عملہ نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ کل لفٹننٹ گورنر نے کہا تھا کہ پولیس اور وکلاء کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے جبکہ اس مسئلہ میں غیر جانبداری سے انصاف کو یقینی بنانا چاہئے۔