حیدرآباد ۔ 5 نومبر ( سیاست نیوز) ابراہیم پٹنم کی ایک عدالت نے گنیش جلوس کے دوران پولیس ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور مبینہ مار پیٹ میں ملوث 5 افراد کو ایک سال کی سزا سنائی ہے ۔ یاچارم پولیس نے آج اس سلسلہ میں سال 2017ء کے مقدمہ میں چارج شیٹ داخل کردی اور عدالت نے اس سلسلہ میں اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔ یاچارم پولیس جی رویندر نامی کانسٹبل نے شکایت درج کرائی تھی جب وہ گنیش جلوس کے دوران میڑچل علاقہ میں خدمات انجام دے رہا تھا اس دوران جلوس کے گزرنے میں تاخیر ہوئی اور تاخیر کا سبب بننے والے جلوسیوں کو اعلیٰ عہدیداروں کے احکامات کے مطابق جلدی گزرنے کیلئے ڈیوٹی پر تعینات رویندر نے زور دیا ۔ اس دوران جلوس میں شامل 5 افراد 28سالہ کے سریش ، 22سالہ وائی چنٹو ، 43سالہ راملو ، 26سالہ راجو اور 22سالہ مہیش نے کانسٹبل کے ساتھ بدسلوکی کی اور اس کا گریباں پکڑا اس کو رسواء کیا اور ڈھکیل دیا ۔ اس دوران کے سریش کے ناخن لگنے سے کانسٹبل زخمی ہوگیا تھا اور اس نے یاچارم پولیس میں شکایت درج کروائی جہاں پولیس نے آج عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی ۔ عدالت نے ایک سال کی سزا اور 1500روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایاہے ۔