پولیس ملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے پر اظہار تشویش

   

شہر کے بیشتر پولیس اسٹیشنوں میں تمام احتیاطی تدابیر پر زور
حیدرآباد۔ حیدرآباد سٹی پولیس میں آئے دن کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پولیس عملہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں شہر کے کئی پولیس اسٹیشنس میں احتیاطی تدابیر کئے جارہے ہیں ۔ حالیہ دنوں پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز اور ٹپہ چبوترہ میں کورونا وائرس سے کئی پولیس کانسٹبلس اور انسپکٹرس بھی متاثر ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں پولیس نے درخواست گزاروں کے داخلہ کیلئے علحدہ انتظام کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں داخلہ سے چند میٹر دور ہی ایک عارضی رسپشن قائم کیا گیا ہے اور پولیس اسٹیشن آنے والے درخواست گزاروں سے پولیس اسٹیشن کے باہر ہی درخواستیں موصول کی جارہی ہیں ۔ متعلقہ انسپکٹر کی ہدایت پر یہ کارروائی کی جارہی ہے اور رسپشن پر موجود پولیس عملہ پہلے درخواست گزار کے ہاتھوں پر سینیٹائزر لگانے کے بعد ہی اس کے پاس سے درخواست لی جارہی ہے ۔ پولیس اسٹیشن کے باب الداخلہ پر ہی ایک رسی باندھی گئی ہے اور درخواست گزاروںکو اس رسی کو پار کرنے سے منع کیا جارہا ہے ۔ ہنگامی صورتحال میں پولیس عہدیدار خود پولیس اسٹیشن سے باہر آکر درخواست گزاروں سے ملاقات کررہے ہیں اور مناسب کارروائی کی جارہی ہے ۔ اب تک حیدرآباد سٹی پولیس نے 200 سے زائد پولیس ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس میں 4 آئی پی ایس عہدیدار بھی شامل ہیں ۔ اتنا ہی نہیں محکمہ پولیس کے ایک اور شعبہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی میں بھی 15 سے زائد ملازمین بشمول ایک آئی پی ایس آفیسر کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ۔