عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، جمہوری احتجاج کو کچلنے کا الزام
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ جمہوری انداز میں آر ٹی سی ملازمین کے احتجاج کو حکومت پولیس کے ذریعہ کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے صبح کی ابتدائی ساعتوں میں 3 بجے ان کی قیامگاہ میں جبراً گھستے ہوئے نظر بند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کسی اشتعال کے بغیر ہی ان کی قیامگاہ میں گھس کر زبردستی کی ہے۔ پولیس کی بھاری جمعیت کو ان کی قیامگاہ کے روبرو متعین کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران بھی وہ اس طرح کی صورتحال کا پولیس کے ذریعہ سامنا کرچکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ڈکٹیٹر شپ کی طرح کام کررہی ہے اور پُرامن اور جمہوری انداز میں احتجاج کی اجازت سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات دیر گئے پولیس نے قیامگاہ میں گھس کر افراد خاندان کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ ان عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے۔ پونم پربھاکر نے احتجاجیوں کے ساتھ حکومت کے رویہ کو شرمناک قرارد یا۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ وہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے پہلے آر ٹی سی ملازمین سے مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کا حل تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے آر ٹی سی ملازمین حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت کا رویہ ہٹ دھرمی کا برقرار ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود کے سی آر نے ملازمین کو مذاکرات کیلئے مدعو نہیں کیا۔