نئی دہلی، 25 ستمبر (یو این آئی) نند نگری پولیس اسٹیشن کی پولیس نے شمال مشرقی دہلی کے نند نگری علاقے میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کرنے والے ایک نابالغ مجرم کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس نے 16 سالہ ملزم کے پاس سے ایک دیسی ساختہ پستول، دو زندہ کارتوس، ایک خالی کارتوس اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس آشیش مشرا نے بتایا کہ 24 ستمبر کی صبح چھیننے کی وارداتوں کو روکنے کے لیے نند نگری میں ٹی ایل ایم اسپتال کے قریب ایک پولیس ٹیم تعینات کی گئی تھی۔ اس ٹیم میں اے ایس آئی پرمود، ہیڈ کانسٹیبل دیپک، ہیڈ کانسٹیبل روہت، کانسٹیبل جتیندر اور کانسٹیبل پرمجیت شامل تھے ۔ پولیس ٹیم نے بغیر نمبر پلیٹ کے کالے رنگ کی موٹر سائیکل پر دو مشکوک افراد کو دیکھا۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے اچانک یو ٹرن لے لیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس ٹیم نے ان کا تعاقب کیا۔ دریں اثنا، موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے ہیڈ کانسٹیبل روہت پر گولی چلا دی۔ روہت کو گولی نہیں لگی لیکن مشتبہ افراد کنٹرول کھو بیٹھے اور گر گئے ۔