دو بندوق اور 23 کارتوس ضبط ۔ پوچھ تاچھ جاری
حیدرآباد 2 فبروری (سیاست نیوز) گچی باؤلی میں پولیس پر فائرنگ کرنے والے عادی مجرم کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے دو بندوق اور 23 کارتوس ضبط کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق تلنگانہ اور آندھراپردیش میں 80 سے زائد کیسوں میں ملوث عادی مجرم پربھاکر کی گچی باؤلی پب میں موجودگی کی اطلاع پر سی سی ایس کے اہلکار گچی باؤلی کے پب پہنچے جہاں پربھاکر نے گرفتاری سے بچنے پولیس پر فائرنگ کردی جس میں ایک ہیڈ کانسٹبل وینکٹ رام ریڈی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ پب میں موجود باؤنسرس کی مدد سے پولیس نے پربھاکر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو بندوق اور 23 کارتوس ضبط کرلئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم پربھاکر حال میں معین آباد میں سرقہ کی واردات میں ملوث تھا۔ فنگر پرنٹ ماہرین نے جب مقام کا معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ سرقہ کی واردات میں پربھاکر ملوث ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس کی تلاش شروع کردی تھی لیکن وہ ہمیشہ ماسک کا استعمال کرتا رہا جس کی وجہ سے پولیس کے ہاتھ نہیں لگ رہا تھا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرکے راجندر نگر سی سی ایس کے حوالہ کیا جہاں اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ فائرنگ میں زخمی ہیڈ کانسٹبل کی سائبرآباد کمشنر اویناش موہنتی نے دواخانہ پہونچ کر عیادت کی۔ (ش)