شہریوں کو نئے سال کا تحفہ
٭ لوگ اب ایف آئی آر درج کروانے کیلئے پٹرولنگ اسٹاف کو تحریری شکایت دے سکتے ہیں
٭ پہلے شکایت کنندہ کو پولیس اسٹیشن جاکر شکایت درج کروانا پڑتا تھا
٭ شکایت کنندوں کو اس میں صرف یہ کرنا ہوگا کہ وہ ان کا رہائشی پتہ اور موبائیل فون نمبر ان کے علاقہ کے پٹرول کار آفیسرس کو فراہم کریں۔
حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) شہریوں کو اب کوئی شکایت درج کروانے کیلئے پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کے بجائے وہ ان کے پڑوس میں پولیس پٹرولنگ گاڑی سے رجوع ہوسکتے ہیں اور شکایت درج کرواکے برسرموقع ایف آئی آر حاصل کرسکتے ہیں۔ عوام دوست پولسنگ کے حصہ کے طور پر حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار نے اعلان کیا کہ شہری اب ایک ایف آئی آر کیلئے پٹرولنگ اسٹاف کے پاس شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ اب تک کسی شکایت کنندہ یا اس کے نمائندہ کو ایف آئی آر حاصل کرنے کیلئے پولیس اسٹیشن پہنچ کر تحریری شکایت درج کروانی ہوتی تھی۔ انجنی کمار نے کہا کہ ’’ایف آئی آر کے رجسٹریشن کیلئے آپ کو پولیس اسٹیشن آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کیس درج کروانے کیلئے آپ کے علاقہ کے پٹرول کار آفیسرس کو رہائشی پتہ اور سیل فون نمبر کے ساتھ تحریری شکایت دے سکتے ہیں۔ ہم نے یہ نئی پہل سال نو کے آغاز پر شروع کی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا اقدام سینئر سٹیزنس، خواتین اور ان کیلئے جو پولیس اسٹیشن نہیں جاسکتے ہیں یا کسی ایمرجنسی صورتحال میں نہایت مفید اور کارآمد ہوگا۔