پولیس کانسٹبلس 26 برسوں سے ترقی سے محروم راجہ سنگھ کی توجہ دہانی

   

حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے پولیس کانسٹبل کی ترقی کے معاملہ میں حکومت کو جلد فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران راجہ سنگھ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی سیکوریٹی پر تعینات پولیس ملازمین اسمبلی کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ کوئی ان کی ترقی سے متعلق مسئلہ کو حکومت سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری اور قائدین کے تحفظ میں مصروف پولیس کانسٹبلس کے پروموشن کا مسئلہ 1992 ء سے زیرالتواء ہے۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد حکومت ہر طبقہ کیلئے اعلانات کر رہی ہے لیکن گزشتہ 6 برسوں میں کانسٹبلس کی ترقی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ 26 برسوں سے پروموشن سے محروم کانسٹبلس مایوس ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور دیگر عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کریں۔ وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے کہا کہ ملازمین کی ترقی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ہوم گارڈس کی تنخواہیں ملک میں تلنگانہ میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کانسٹبلس کے پروموشن کے معاملہ کو چیف منسٹر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ر