پولیس کانسٹبل امیدواروں کا پرگتی بھون پر احتجاج

   

تقررات میں بے قاعدگیوں کی شکایت،احتجاجیوں کی گرفتاری

حیدرآباد۔22 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پولیس کانسٹبل امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی کثیر تعداد نے آج پرگتی بھون پہنچ کر احتجاج منظم کیا۔ کانسٹبل عہدہ کیلئے امیدوار جن میں لڑکیوں کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی، پولیس رکروٹمنٹ بورڈ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کر رہے تھے۔ انہوں نے کانسٹبلس کے انتخاب میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی اور کہا کہ وہ چیف منسٹر سے ملاقات کے خواہاں ہیں تاکہ انصاف حاصل کرسکیں۔ امیدواروں نے شکایت کی کہ امتحانات میں جان بوجھ کر ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور دھاندلیوں کے ذریعہ مخصوص امیدواروں کو منتخب کیا گیا۔ امتحانات کی تکمیل کے بعد سے وہ انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں امیدواروں کے پرگتی بھون پہنچنے پر پولیس حرکت میں آگئی اور انہیں حراست میں لے لیا ۔ احتجاجی امیدواروں کو شہر کے مختلف پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ دھرنے کے موقع پر امیدواروں نے وہاں متعین عہدیداروں سے کہا کہ وہ دراصل چیف منسٹر سے ملاقات کے خواہاں ہیں کیونکہ وزیر داخلہ اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے انہیں کوئی انصاف نہیں ملا۔ ناانصافیوں کے بارے میں شکایات کو دونوں نے نظرانداز کردیا۔ گرفتاری کے بعد امیدواروں نے پولیس اسٹیشن میں اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے شام تک بھوک ہڑتال کی ۔ امیدواروں نے کہا کہ وہ پرامن انداز میں چیف منسٹر سے نمائندگی کے خواہاں تھے لیکن پولیس نے ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرتے ہوئے گوشہ محل ، عنبرپیٹ اور دیگر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر عوامی مسائل کی سماعت نہ کریں تو امیدوار اپنی شکایات کسے سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلیوں کے مسئلہ پر پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے آج تک وضاحت نہیں کی ہے۔ امیدواروں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر یا پھر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو انہیں انصاف دلانے کا تیقن دینا چاہئے ۔ امیدواروں نے کہا کہ چیف منسٹر یا وزیر بلدی نظم و نسق سے ملاقات تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔ پولیس کی جانب سے رہا کئے جانے کے باوجود وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو احتجاجی امیدواروں سے ملاقات کے لئے گوشہ محل پہنچنا چاہئے ۔ مسائل کی عدم یکسوئی کی صورت میں دوبارہ پرگتی بھون پہنچ کر احتجاج کی دھمکی دی گئی ۔