انتخاب کے باوجود ٹریننگ میں شرکت سے معذرت، عنقریب تربیت کا آغاز
حیدرآباد ۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ریاستی سطح کے پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے جاریہ سال کے دوران جملہ 16 ہزار پولیس کانسٹیبلس کے تقررات عمل میں لائے گئے لیکن تعجب کی بات یہ ہیکہ اس مرتبہ منتخبہ جملہ پولیس کانسٹیبلس کے منجملہ 1370 منتخبہ پولیس کانسٹیبلس نے محکمہ پولیس میں رپورٹ نہیں کئے۔ اس مرتبہ عجیب اتفاق ہیکہ منتخب ہونے کے باوجود ڈیوٹی (ٹریننگ میں) پر رجوع ہونے سے گریز کئے ہیں۔ واضح رہیکہ محکمہ پولیس ِمیں ملازمت کیلئے قطعی طور پر منتخب ہونے والے 1370 امیدواروں نے ٹریننگ میں شامل ہونے سے اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کئے۔ ان میں بالخصوص 500 امیدوار ان کے انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد بنیادی اطلاعات محکمہ پولیس کو فراہم کرنے سے گریز کئے اور ٹریننگ میں شریک نہ ہونے سے متعلق باقاعدہ طور پر تحریری مکتوب کے ذریعہ آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں مزید 750 امیدواروں نے اپنے اٹسٹیشن فارمس ہی داخل نہیں کئے اور 120 امیدوار میڈیکل ٹسٹس میں شرکت نہیں کئے۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس رکروٹمنٹ بورڈ مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے بتایا کہ مذکورہ امیدوار اپنی بعض شخصی وجوہات کی وجہ سے رپورٹ کرنے میں اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں پولیس بٹالین کیلئے 3800 امیدواروں کا قطعی انتخاب کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے لیکن ان منتخبہ امیدواروں کیلئے ٹریننگ پروگرام شروع کرنے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ سیول، آرمڈ ریزرو، اسپیشل پروٹیکشن فورس، پرزئس (محابس) فائر، میکانکس، ڈرائیورس کے علاوہ آئی ٹی شعبہ کو ملا کر جملہ 9200 منتخبہ امیدواروں کیلئے ریاست کے 28 ٹریننگ سنٹرس پر پولیس ٹریننگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسٹر وی وی سرینواس راؤ کے مطابق 900 منتخبہ پولیس امیدواروں میں 500 امیدواروں کے خلاف فوجداری مقدمات پائے جاتے ہیں اور ان تمام کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی سطحی پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے ایک علحدہ کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ 200 امیدوار میڈیکل ٹسٹ میں ناکام ثابت ہوئے ہیں اور 200 امیدوار محکمہ کو مکمل تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس کے منتخبہ امیدواروں کی ٹریننگ کے آغاز میں ہونے والی تاخیر کے سلسلہ میں قبل ازیں ہی اعلیٰ عہدیداران پولیس کی جانب سے اطلاع دی جاچکی ہے اور بتایا کہ ٹریننگ کے آغاز میں ہونے والی تاخیر کے باعث سینیاریٹی سے متعلق کسی تشویش کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ سمجھا جاتا ہیکہ بہت جلد تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس رکروٹمنٹ کے منتخبہ امیدواروں کیلئے ٹریننگ شروع ہونے سے متعلق اطلاع دی جائے گی۔