بھوپال؍ نیمچ۔ 9 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع میں ایک پولیس کانسٹیبل نے خودکشی کر لی ہے ۔ خودکشی سے پہلے کانسٹیبل نے مبینہ طور پر اپنے ہی محکمے پر بدعنوانی کا الزام لگایا ۔ اس معاملے پر کانگریس بی جے پی حکومت پر حملہ آور ہو گئی ہے ۔ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف امنگ سنگھار نے اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جب انتظامیہ کے نمائندے اپنے ہی نظام پر سنگین الزامات عائد کرنے لگیں اور ایک ہیڈ کانسٹیبل خودکشی پر مجبور ہو جائے تو یہ بی جے پی حکومت کے نام نہاد گڈ گورننس پر براہِ راست بڑا سوال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیمچ میں ہیڈ کانسٹیبل نے انتظامیہ کے نظام میں پھیلی بدعنوانی سے مایوس ہوکر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ نہایت تشویشناک بھی ہے ۔ موت سے قبل کوئی جھوٹ نہیں بولتا، یہ بدعنوانی کی انتہا ہے کہ نظام کی حقیقت سامنے لانے کی قیمت ایک شخص کو اپنی جان دے کر چکانی پڑی۔انہوں نے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے اپیل کی کہ اس معاملے کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ جانچ کرائی جائے اور قصوروار افسران کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔
نیمچ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل ہوشیار سنگھ اہیر نے کل دوپہر مبینہ طور پر اپنے محکمے پر بدعنوانی کے الزامات لگاتے ہوئے زہر کھا لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل نے زہر کھانے سے قبل پولیس کے سینئر افسران کے نام ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے محکمے جاتی کاموں کے عوض رقم وصولی کا سنگین الزام عائد کیا تھا۔ زہر کھانے کے چند ہی گھنٹوں بعد ہیڈ کانسٹیبل کی موت ہو گئی۔