راج نند گاؤں، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع راج نند گاؤں کے ایک سرحدی گاؤں میں آج صبح سکیورٹی فورسز نے ایک نکسلی کیمپ پر حملہ کر کے کافی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور دیگر روز مرہ استعمال کی اشیاء برآمد کی ہیں ۔ یہ کاروائی راج نند گاؤں ، کانکر اور مہاراشٹرکے ضلع گڑھ چرولی کی سرحد پر واقع گاؤں کاہکاٹولا کی پہاڑی پر ہوئی ۔ ضلع پولیس ، ڈی آر جی ، ایس ٹی ایف اور آئی ٹی بی پی کے جوانوں نے مشترکہ کاروائی کرکے بھاری مقدار میں بندوقیں ، دھماکہ خیز مواد اور روز مرہ استعمال کے اشیاء برآمد کی ہے ۔ جھڑپ کے دوران نکسلی جائے وقوعہ سے سامان چھوڑ کر جنگل کی طرف بھاگ گئے ۔ پولیس نے گشت تیز کر دی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ کملوچن کشیپ نے یواین آئی کو بتایا کہ واقعہ کے مقام پر نکسلیوں کی تعداد تقریبا بیس سے پچیس تھی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ نکسلی مدن واڑا، محلہ اور مان پور علاقے میں سرگرم رکن تھے ۔انہوں نے بتایا کہ پانچ بندوقیں، بھاری مقدار میں روز مرہ استعمال کی اور دیگر مواد وغیرہ چھوڑ کر نکسلی بھاگ گئے ۔ جائے وقوعہ پربھاری مقدار میں خون بھی پھیل دیکھا گیا ۔
