پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر سے تانبے کے تاروں کا سرقہ کرنے والے سارقین گرفتار

   

حیدرآباد : /15 جون (سیاست نیوز) زیر تعمیر پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر واقع بنجارہ ہلز میں تانبے کے تاروں کے سرقے میں ملوث 6 افراد بشمول 3 کنٹراکٹ ملازمین کو بنجارہ ہلز پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز ایم سدرشن نے میڈیا کو بتایا کہ /10 جون کو نامعلوم افراد نے کمانڈ کنٹرول کے احاطہ سے قیمتی تانبے کے تاروں کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس بنجارہ ہلز میں اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس واردات میں ملوث سونو خان جو ایمبولینس ڈرائیور ہے اور کمانڈ کنٹرول سنٹر میں ملازمت کررہا ہے اور اس کے دو ساتھی سوراب بسواس سکیوریٹی گارڈ ، بیکاش رنجن بہرہ سیکوریٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تینوں افراد کمانڈ کنٹرول سنٹر میں ملازمت کیلئے شاہ پور جی پیلون جی کمپنی کی جانب سے ملازمت پر رکھے گئے تھے اور عمارت میں وہ کام کررہے تھے ۔ موقع دیکھ کر 38 لاکھ مالیاتی تانبے کے بنڈلس کا سرقہ کرتے ہوئے اسے امبولینس گاڑی میں منتقل کیا ۔ پولیس نے گرفتار افراد کی تفتیش کرتے ہوئے مسروقہ مال خریدنے والے جے سریش ، اے راجو ملیش اور محمد عابد حسین کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔