پولیس کمشنر نے معذورین سے خود درخواست حاصل کی

   

نظام آباد۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنرنظام آباد مسٹر سائی چیتنیا نے پرجاوانی میں درخواست گزاری کرنے کے لئے آنے والے معذور کے پاس خود پہنچ کر درخواست حاصل کی اور انسانی ہمدردی دکھاتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اس کے مسئلے کو سنتے ہوئے اسے حل کرنے کا تیقن دیا ۔ ہر پیر کے روز منعقدہ پرجاوانی پروگرام کے دوران پی سائی چیتنیا پولیس کمشنر نے عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے آئے درخواست گزاروں سے 30 شکایات وصول کیں۔اس موقع پر انہوں نے شکایت کنندگان کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اُنہیں قانون کے مطابق جلد حل کیا جائے۔ موصولہ درخواستوں کو فوری کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے سب انسپکٹرس اور سرکل انسپکٹرس سے بذریعہ فون رابطہ کرتے ہوئے مسائل کی نوعیت اور حل کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ ضلع پولیس کا مقصد عوام کو بے خوف ماحول میں، بغیر کسی سفارش یا ثالثی کے، پولیس خدمات سے استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کے مسائل قانونی دائرے میں حل ہوں اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی اعتماد مضبوط ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پیر کو پرجاوانی پروگرام کے تحت عوامی شکایات براہ راست وصول کر کے ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اور امن و امان کے تحفظ کے ساتھ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی۔