پولیس کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ، لاٹھی کا استعمال نہ کرنے پر زور

,

   

لاک ڈاؤن میں بہترین خدمات پر پولیس عہدیداروں میں ایوارڈس کی تقسیم، وزیرداخلہ محمود علی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 2 مئی (سیاست نیوز) وزیرداخلہ تلنگانہ مسٹر محمود علی نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہے اور پولیس کو چاہئے کہ وہ عوام کے ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران صبروتحمل کا مظاہرہ کرے بلکہ لاٹھی کا استعمال نہ کرے۔ محمود علی نے پولیس ملازمین کو تاکید کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ کوروناوائرس کی روک تھام کا لاک ڈاؤن ہے اور کوئی روڈی ازم پر قابو پانے کا عمل نہیں۔ مسٹر محمود علی یہاں ساؤتھ زون کے زیراہتمام سالارجنگ میوزیم میں منعقدہ ایک اجلاس کو مخاطب تھے۔ اس میں پولیس ملازمین، ریورڈز اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے دوران لاک ڈاؤن بہترین خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین کا انتخاب کیا اور انہیں ریاستی وزیرداخلہ کے ذریعہ انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس کی کارروائی اور اقدامات کے سبب ہی حکومتوں کا معیار جانا جاتا ہے۔ انہوں نے پڑوسی ریاستوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ مہاراشٹرا جیسی ریاست میں کوروناوائرس کے کیسیس بڑھ رہے ہیں۔ ریاست میں چیف منسٹر کی دوراندیشی اور مثالی اقدامات کے سبب تلنگانہ میں کوروناوائرس کے واقعات کم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران سختی کے سبب عوام کو مشکلات ہورہی ہیں۔ تاہم اس عمل میں پولیس کو چاہئے کہ وہ اپنے آپ پر قابو رکھیں۔ عوام سے نہ الجھیں۔ صبروتحمل سے ان کے مسائل کی سماعت کریں۔ ساتھ ہی وزیرداخلہ نے عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ پولیس سے بحث و تکرار نہ کریں اور ان کی وردی اور خدمات کا احترام کریں۔ وزیرداخلہ نے آصف نگر واقعہ میں جہاں ایک ہوم گارڈ نے تعاقب کرتے ہوئے نوجوان کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا سخت نوٹ لینے کی کمشنر پولیس کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں بیرون ممالک سے بھی پولیس رویہ پر ناراضگی کی اطلاعات حاصل ہورہی ہیں جو پولیس کے مثالی اقدامات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے لاک ڈاؤن میں 24 گھنٹے خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین کی خدمات کی ستائش کی اور ساوتھ زون کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے وابستہ ملازمین میں ایوارڈس تقسیم کئے۔ اس موقع پر سٹی پولیس کمشنر کے علاوہ اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔