پولیس کو عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت

,

   

بعض ملازمین کے سبب محکمہ پولیس کی نیک نامی متاثر، وزیر داخلہ کے ہاتھوں گوشہ محل میں راشن کٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ پولیس کو لاک ڈاؤن کے دوران عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بعض ملازمین پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویہ نے پولیس کی امیج کو متاثر کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن واحد راستہ ہے۔ تلنگانہ حکومت نے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیر داخلہ آج حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں غریبوں میں چاول اور دیگر غذائی اجناس کی تقسیم کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ گوشہ محل کے کارپوریٹر مکیش سنگھ کی جانب سے 500 سے زائد غریبوں میں راشن کٹس کی تقسیم وزیر داخلہ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ملک بھر میں فلاحی اسکیمات میں سرفہرست ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کو اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت نے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کے سی آر نے ملک میں سب سے پہلے لاک ڈاؤن کا خیرمقدم کیا بلکہ اسے ریاست میں سختی کے ساتھ لاگو کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اقدامات اور ان کی دوراندیشی کے نتیجہ میں تلنگانہ بہت جلد کورونا سے پاک ہوجائے گا۔ لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں اور غیر مقامی ورکرس کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے کے سی آر نے 87 لاکھ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے امداد کا اعلان کیا اور رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی گئی ۔ جن افراد کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں ہے وہ پوسٹ آفس سے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

غیر مقامی ورکرس کے تحفظ کیلئے خصوصی شیلٹرس قائم کئے گئے جہاں کھانے اور دیگر ضروری سہولتوں کا انتظام کیا گیا۔ غیر مقامی ورکرس کو چاول کے علاوہ 500 روپئے کی امداد دی گئی۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور پولیس سے مکمل تعاون کریں۔ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں خاص طور پر بزرگ اور بچے گھروں میں محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے مکانات سے قریب واقع دکانات تک جانے کی اجازت رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری گھومنے کی کوشش نہ کریں اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس قانونی کارروائی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت لاک ڈاؤن کی پابندی کررہی ہے لیکن چند افراد کی خلاف ورزی کے نتیجہ میں دوسروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر داخلہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ماسک اور سینٹائزرس کے استعمال کو لازم کرلیں۔ وقفہ وقفہ سے صابن یا سینٹائزرس سے ہاتھوں کو صاف کرلیں۔ محمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں عبادتوں کا اہتمام کریں اور کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔