رچہ کنڈہ کمشنریٹ کی کمپاونڈ وال کا سنگ بنیاد : محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد /15 نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج رچہ کنڈہ پولیس کمپاونڈ وال کا سنگ بنیاد رکھا ۔ 56 ایکر اراضی پر تعمیر کئے جارہے اس کمشنریٹ کی عمارت کیلئے حصاربندی جاری ہے ۔ آج سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی ریاست کی ترقی کیلئے امن ضروری ہے اور تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی میں پولیس کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید آلات سے آراستہ کرنے اور بہترین سہولیات فراہم کرنے حکومت نے کبھی کوتاہی نہیں کی بلکہ چیف منسٹر نے پولیس کو ہر لحاظ سے مضبوط کیا ۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت کے اقدامات اور چیف منسٹر کی دلچسپی سے آج ملک بھر کی پولیس تلنگانہ کی طرف دیکھتی ہے اور تلنگانہ کے اقدامات کو اپنانے مشورہ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں خواتین کے تحفظ کیلئے مثالی اقدامات جاری ہیں اور خواتین کے تحفظ اور حفاظتی اقدامات کی عمل آوری میں حیدرآباد جیسا شہر اور تلنگانہ جیسی ریاست نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی خواب کو پورا کیا گیا اور اس کا سلسلہ جاری ہے ۔ تلنگانہ ہر لحاظ سے محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بہترین کارکردگی کو مختلف سروے میں پیش کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بھروسہ سنٹر ، شی ٹیم ، فرینڈلی پولیسنگ جیسے اقدامات سے پولیس پر عوامی اعتماد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے رچہ کنڈہ کمانڈ کنٹرول کا بھی مشاہدہ کیا اور ستائش کی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کے علاوہ رچہ کنڈہ کمشنر مہیش بھگوت سائبرآباد کمشنر وی سی سجنار کے علاوہ سیاسی قائدین جگدیش ریڈی ، ریونت ریڈی ، ملاریڈی اور دیگر موجود تھے ۔