لندن: انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ سے تقریباً 500 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 150 افراد کیخلاف شرپسندی اور انتشار پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے جو ساؤتھ پورٹ میں چاقو حملوں کے بعد شروع ہوا تھا۔ وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کوبرامیٹنگ کے اجلاس کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ ہر وقت ہائی الرٹ پر رہنے کی ضرورت ہے۔ موصوف نے اس موقع پر پولیس سربراہان، لا انفورسمنٹ عہدیدار اور دیگر متعلقہ افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بروقت تعیناتی سے حالات مزید بگڑنے سے بچ گئے۔ دوسری طرف بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کچھ عہدیداروں نے کہا کہ حکومت اب بھی حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے تاکہ موجودہ حالات کو کوئی بھی شرپسند بگاڑنے کی کوشش نہ کرے۔