گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا اجلاس، انجن کمار یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کا اجلاس صدر انجن کمار یادو کی صدارت میں گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کل ہفتے کے دن کانگریس یوم تاسیس تقاریب کا جائزہ لیا گیا۔ گاندھی بھون میں اتم کمار ریڈی پرچم کشائی انجام دیں گے۔ 11 بجے دن پرچم کشائی انجام دی جائے گی۔ بعد میں ریالی کا آغاز ہوگا۔ دیش بچائو اور دستور بچائو نعرے کے تحت ریالی کا اہتمام کیا جائے گا حالانکہ پولیس نے اجازت سے انکار کیا ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ فرقہ پرست آر ایس ایس کو پولیس نے ریالی کی اجازت دی لیکن کانگریس کو اجازت سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو پرامن ریالی کی اجازت نہیں ہے جبکہ آر ایس ایس نے لاٹھیوں کے ساتھ ریالی منظم کی۔ انجن کمار یادو نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ دن بھر حکومت کے خلاف اپنا احتجاج منظم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس تقاریب میں حیدرآباد اور پڑوسی اضلاع سے بڑی تعداد میں کارکن شرکت کریں گے۔ کانگریس نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے پرامن ریالی کی اجازت طلب کی تھی لیکن انہوں نے مختلف بہانے بناتے ہوئے اجازت سے انکار کیا۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ریالی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو ہم اس کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی اجازت کے بغیر ریالی کا اہتمام کیا جائے گا۔ بی جے پی کو خوش کرنے کے لیے کے سی آر کانگریس کو ریالی کی اجازت کے حق میں نہیں ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں پرامن ریالیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے اسی طرح حیدرآباد میں بھی ریالی منظم کی جائے گی۔