حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : پولیس نے ایک مرتبہ پھر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تالاب کے قریب گذشتہ تین دن سے برہنہ پائے جانے والے ضعیف شخص کو کندھے پر اٹھاتے ہوئے 108 سرویس کے ذریعہ ہاسپٹل پہونچایا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ورنگل کے رائے پرتی منڈل میں واقع کونڈا پورم گاوں کے تالاب کے قریب ایک ضعیف شخص تین دن سے برہنہ بھوکا پیاسا سردی میں ٹھٹھرتے ہوئے پڑا تھا ۔ سنکرانتی تہوار کی وجہ سے اس جانب کوئی نہیں گیا ۔ ایک چرواہے کو یہ ضعیف شخص نظر آیا ۔ اس کی گاوں میں اطلاع عام ہوگئی ۔ سرپنچ کے دیاکر راؤ نے اس کی پولیس کو اطلاع دی ۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر بنڈآری راجو نے فوری تالاب کے قریب پہونچکر گرام پنچایت عملہ کی مدد سے کپڑے پہناتے ہوئے تالاب کے قریب سے اس ضعیف شخص کو کندھے پر اٹھا کر 108 سرویس تک پہونچایا جہاں سے اس ضعیف شخص کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ پولیس عہدیدار کے اس رول کی گاوں والوں نے ستائش کی ۔ یہ ضعیف شخص کون ہے اور کہاں سے آیا ہے ہنوز اس کا پتہ نہیں چلا ۔۔ ن