حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کے پیش نظر دونوں شہروں میں پولیس کی تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور ایک تازہ ترین کارروائی میں ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے علاقہ پنجہ گٹہ میں غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی 97 لاکھ نقد رقم ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ ایم انیل گوڑ ساکن بوڈاوپل میڑچل اور 35 سالہ روی جو پیشہ سے کار ڈرائیور ہے اپنی کار میں آج نقد رقم منتقل کررہے تھے۔ پنجہ گٹہ کے علاقہ گرین لینڈ بیگم پیٹ میں پولیس نے تلاشی مہم جاری رکھی تھی اسی دوران انووا کار کی تلاشی لی گئی جس میں 97 لاکھ روپئے برآمد کئے گئے۔
تلنگانہ کے مجوزہ انتخابات، تاحال 625 کروڑ کی نقد رقم، سونا و دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کیلئے صرف 10 دن باقی ہیں اور پولیس کی جانب سے نقد رقم کی منتقلی پر کارروائی کی جارہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے تلنگانہ انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی سے اب تک ریاست بھر میں 625 کروڑ نقد رقم، سونا اور دیگر قیمتی اشیاء ضبط کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے اب تک کی کارروائی میں 22.46 کروڑ کے طلائی زیورات برآمد کئے ہیں جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 18.64 کروڑ نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے اور اب تک 99.49 کروڑ کی شراب کو ضبط کیا جاچکا ہے۔ اسی طرح 34.35 کروڑ مالیتی منشیات ضبط کی گئی ہیں۔ پولیس نے نقد رقم، شراب اور منشیات کے علاوہ پریشر کوکرس، ساڑیاں، موٹر سائیکلیں، کاریں، گھڑیاں اور بھاری مقدار میں موبائیل فونس بھی برآمد کی ہیں۔