پولیس کی جانب سے عوام میں اعتماد کی بحالی کی کوشش

   

بھینسہ میں ضلع ایس پی ششی دھر راجو کی قیادت میں فلیگ مارچ
بھینسہ13/مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھینسہ تشددواقعہ کے بعدپولیس کی جانب سے عوام اعتمادکی بحالی اورخوف کے ماحول کوختم کرنی کیلئے ہرممکنہ اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ ضلع ایس پی ششی دھرراجوکی قیادت میں آج بڑے پیمانے پرفلیگ مارچ کاانعقادبھینسہ پولیس اسٹیشن سے کیاگیاجومارکٹ ایریا’ بارہ امام گلی’ پانڈری گلی’ کنٹہ ایریا’ واٹربیڈایریا’ محمدیہ نگر’ زین العابدین گلی’نئی آبادی’ایکمینارایریا’ مکہ کالونی ‘اویسی نگراورایپی نگرسے رورل پولیس اسٹیشن پراختتام عمل میں آیا۔اس فلیگ مارچ میں ایڈیشنل ایس پیزوینکٹ ریڈی ‘سرنیواس راؤکے علاوہ ڈی ایس پی نرسنگ راؤاورسینکڑوں پولیس جوان شامل تھے بعدازاں ضلع ایس پی ششی دھرراجونے رورل پولیس اسٹیشن میں میڈیاکوبتایاکہ تین دن قبل مسجدقباء تشددواقعہ کے بعدحالات کوقابومیں لانے کیلئے پولیس متحرک ہے اس تشددواقعہ میں ملوث افرادکے خلاف سخت سے سخت کاروئی کرتے ہوئے قدیم مقدمات میں ملوث افرادپرپی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیئے جائینگے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات رونمانہ ہوکیونکہ ایسے فرقہ وارانہ واقعات کی وجہ شہرپسماندگی کاشکارہورہاہے اورچندمٹھی بھرشرپسندعناصرشہرکے حالات کومکدرکررہے ہیں پولیس ایسے شرپسندوں کوکچلنے کیلئے متحرک ہے انھوںنے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کااحترام کرتے ہوئے بھائی چارگی کے ساتھ تہواروں کومنانے اورغیرسماجی افرادکی سرگرمیوں پرنظررکھنے کے علاوہ سوشل میڈیاکی جھوٹی خبروں اورافواہوںپر توجہ نہ دیتے ہوئے شہرکی ترقی کے علاوہ نسل نوکے روشن مستقبل کی فکرکرنے شہریوں کومشورہ دیااورکہاکہ تاحال تشددواقعہ میں ملوث دونوں طبقوں کے21 افرادپرمقدمات درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں پیش کیاگیااورلاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر40افرادپرمقدمات درج کیئے گئے ہیں اورکئی موٹرسیکلوں کوضبط کیاگیاجسے عدالتی تحویل میں پیش کیاجائیگا۔

بھینسہ میں لاک ڈاؤن اورتشدد کی وجہ سے مکمل کرفیونافذ ہے اس دوران صرف ہاسپٹل اورمیڈیکل اسٹورہی بحال رہینگے جبکہ نمازوں کیلئے حکومت کے جی اوکے تحت اجازت ہے انھوں نے غیرضروری گھومنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کاانتباہ دیااوراگرکوئی کسی بھی ہنگامی حالات کی وجہ سے مکان سے باہرنکلنے پرماسک اورسماجی فاصلہ کااحتیاط کرتے ہوئے لاک ڈاؤن پرسختی سے عمل آوری کرے ۔واضح رہیکہ تشددواقعہ کے بعدسے ضلع نرمل ایس پی اورایڈیشنل ایس پیزبھینسہ میں ہی قیام کرے ہوئے ہیں۔