پولیس کی غنڈہ گردی‘سبزی فروِ ش کی ٹانگیں کٹ گئیں

   

کانپور :یوپی پولیس کی غنڈہ گردی سے سبزی فروش کی دونوں ٹانگیں کاٹ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نے اسے مارا پیٹا اور اس کے ترازو کو پٹری پر پھینک دیا۔ جب وہ ترازو اٹھانے گیا تو وہ ٹرین کی زد میں آ گیا اور اس کی ٹانگیں کٹ گئیں۔موقع پر موجود لوگوں نے نوجوان کو ہاسپٹل میں داخل کرایا اور حالت تشویشناک ہونے پر پی جی آئی لکھنو سے رجوع کر دیا گیا۔ ڈی سی پی ویسٹ نے تشدد کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر دیا اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔18 سالہ ارسلان عرف لڈو ولد سلیم احمد ساکن کلیان پور صاحب نگر سبزی فروخت کرتا ہے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ روزمرہ کی طرح جمعہ کی شام بھی وہ کلیان پور کراسنگ کے پاس جی ٹی روڈ پر سبزی بیچ رہا تھا۔ اس دوران اندرا نگر چوکی پر تعینات انسپکٹر شاداب خان اور ہیڈ کانسٹیبل راکیش نے ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔بتا یا گیا ہے کہ پولیس سڑک کے کنارے اشیاء فروخت کرنے والوں کو وہاں سے زبردستی ہٹا رہی تھی۔