پولیس کی قربانیان نا قابل فراموش ، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

   


ورنگل میں پولیس شہیدان پروگرام سے ریاستی وزیر دیا کر رائو ،پولیس کمشنر ترون جوشی کا خطاب

ورنگل ۔ 21 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ریاستی وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیا کر رائو نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پولیس کی سلامی لی ۔انہوںنے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اہل کار اپنے اہل خانہ کی پرواہ کئے بغیر اپنے پیشہ کی خاطر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوںنے آج پولیس ہیڈ کوارٹر ہنمکنڈہ میں یوم شہیدان پولیس پروگرام میں مہمامان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور پولیس شہیدان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کئی پولیس ملازمین ڈیوٹی کے دوران اپنی قیمتی جانوں کو گنوا بیٹھے ۔پولیس ہی قانون کا نفاذ کرتی ہے اور معاشرے کو آئین کے مطابق صحیح راستے پر گامزن کرتی ہے ۔پولیس کی قربانیاں عظیم ہیں ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ان خاندانوں کی صحیح طریقہ سے حمایت اور احترام کریں ۔ قبل ازیں پولیس ہیڈکوارٹر سے اشوکا جنکشن تک پولیس ریالی کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر اڈمنسٹریشن کے ڈی سی پی ویبھئو گائیکواڈ نے گزشتہ سال سے اب تک ملک میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے 264پولیس شہداء کے نام پڑھ کر سنائے ۔اس پروگرام میں ورنگل اور ہنمکنڈہ کے ضلع ججس رادھا رانی ، کرشنا مورتی ،ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی ،کلکٹر ورنگل ڈاکٹر بی گوپی ،میونسپل کمشنر پروانیا ،ڈی سی پیز وینکٹ لکشمی ،اشوک کمار ،اڈیشنل ڈی سی پیز ویبھئو گائیکواڈ ،سنجیو ،سریش کمار ،ڈپٹی کلکٹر سندھیا رانی کے علاوہ اے سی پیز ،انسپکٹرس ،ایس آئیز ،شہیدان پولیس کے افراد خاندان نے آر آئی شیکھر کی قیادت میں پولیس شہیدان نشان کے پاس گلہائے عقیدت پیش کیا ۔